تازہ ترین

ایرانی جنرل کی بیٹی بھی باپ کے قتل کے بعد سامنے آ گئیں

تہران: بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی بیٹی کا اہم بیان بھی سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حملے میں قتل ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے باپ کے قتل کے بعد بیان جاری کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔

28 سالہ زینب سلیمانی نے اپنے ویڈیو پیغام میں امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ’ٹرمپ یہ مت سمجھنا میرے والد کی موت کے ساتھ سب ختم ہو گیا.‘ انھوں نے مزید کہا کہ میرے چچا حزب اللہ لیڈر سید حسن نصر اللہ میرے بابا کی شہادت کا انتقام ضرور لیں گے، اور ہر مظلوم کے خون کا انتقام لیا جائے گا۔

ایران کے سپریم کمانڈر علی آیت اللہ خامنہ ای مقتول کمانڈر قاسم سلیمانی کے گھر والوں سے تعزیت کر رہے ہیں

انھوں نے کہا کہ والد کی موت مجھے نہیں توڑ سکتی، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ٹرمپ میرے مقتول باپ کے کارنامے نہیں مٹا سکتا، وہ بزدل ہے، میرے باپ کو بہت دور سے میزائل کے ذریعے مارا گیا۔

واضح رہے کہ ایرانی جنرل کی جوان بیٹی زینب سلیمانی امریکی شہریت کی حامل ہے، ان کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس حوالے سے ان پر تنقید بھی ہونے لگی ہے۔

تازہ ترین:  ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کی قیمت 80 ملین ڈالر مقرر کر دی گئی

خیال رہے کہ آج امریکی حملے میں جاں بحق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تہران میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے، تدفین کل آبائی علاقے کرمان میں ہوگی، نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، جنازے میں ایرانی صدر حسن روحانی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای بھی شریک ہوئے۔

ایرانی جنرل کے قتل کے بعد ایران اور عراق میں امریکا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کی قیمت بھی مقرر کر دی ہے، برطانوی میڈیا نے ایرانی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جو بھی ایرانی صدر ٹرمپ کو قتل کرے گا، اسے حکومت کی جانب سے 80 ملین ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

Comments

- Advertisement -