اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اس موقع پر کہا کہ پاکستان آمد پر اپنے بھائی کو خوش آمدید کہتا ہوں، امید ہے اسکندر مومنی اچھی خبر لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکندر مومنی کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا، علاقائی صورت حال پر بھی پیشرفت کی امید ہے، ان کا دورہ مفید رہے گا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات فقید المثال ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کا ہمیشہ معترف رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر داخلہ کی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان آمد ہوئی ہے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی وفد میں گورنر جنرل سیستان بلوچستان، نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر اربن ڈیولپمنٹ ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔سربراہ نیشنل ایرانی آئل کمپنی، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، ان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات ہوگی۔


