اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دیانتدار، مخلص ثالث، سہولت کار کے طور پر کردار جاری رکھے گا، ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہ پڑھیں: محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے اہم ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعظم نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے وفد کی قیادت کررہا ہوں۔
اسکندر مومنی نے کہا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی ہے، انہوں نے ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادیا کیا۔


