تہران: ایرانی پارلیمنٹ نے سخت ردعمل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پر حملہ ہوا تو جہاد ہو گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ نے دشمنوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے متفقہ قرارداد کے ذریعے دشمنوں کو خبردار کر دیا۔
قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ سپریم لیڈر کو نشانہ بنانے کی کوشش پر ایران جہاد کا اعلان کرے گا سپریم لیڈر کی حفاظت ایران کی ریڈلائن ہے اس حد کو عبور کرنے پر پورے خطے میں جنگ کا خدشہ ہے۔
ارکان پارلیمنٹ نے دوٹوک پیغام دیا ہے کہ سپریم لیڈر پر حملہ پورے اسلامی نظام اور ملت پر حملہ تصور ہو گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے والا کوئی بھی حملہ ایرانی قوم کے خلاف اعلانِ جنگ کے مترادف ہوگا۔
سابق امریکی سفیر اسرائیل ڈین شیپیرو کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما کے دور میں اسرائیل میں امریکی سفیر ڈین شیپیرو نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
یہ پیش گوئی اس وقت سامنے آئی ہے جب آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں پھیلنے والے وسیع پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں میں ہونے والے تشدد کا الزام ٹرمپ پر عائد کیا ہے، اور ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کو نئی قیادت کی ضرورت ہے اور 86 سالہ خامنہ ای ایک "بیمار آدمی” ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


