تہران(3 فروری 2026): ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے امریکا کیساتھ مذاکرات کی تصدیق کردی۔
ایکس پر پوسٹ میں صدر مسعود پزیشکیان نے لکھا میں نے وزیر خارجہ کو ہدایت کی ہےکہ وہ مناسب ماحول میں جو خطرات سے پاک ہو اس میں منصفانہ مذاکرات کو آگے بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ خطے کی دوست حکومتوں کی طرف سے امریکی صدر کی مذاکرات کی پیشکش کے بعد کیا، یہ مذاکرات ہمارے قومی مفادات کے دائرہ کار میں ہوں گے۔
اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا تھا کہ وہ مذاکرات کے لیے طریقہ کار اور فریم ورک تیار کر رہے ہیں جسے آنے والے دنوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ کئی نقاط پر کام ہو رہا ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ ڈپلومیسی کے عمل کے اگلے مراحل جلد مکمل ہوجائیں گے تاہم انہوں نے مذاکرات کے مواد کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
دوسری جانب ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بھی عالمی خبررساں ادارے کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات رواں ہفتے ہی شروع ہوجائی گے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ایران اور امریکا کے مذاکرات کاروں کی ملاقات کے لیے قطر، ترکیہ اور مصر انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات میں ثالثی کا کردار قطر، ترکیہ اور مصر ادا کریں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


