تہران(17 مئی 2026): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کی قدیم تہذیب کو اجاڑنے کی امریکی دھمکیوں کے بعد سوشل میڈیا پر ملک میں موجود ساڑھے چار ہزار سال پرانے درخت کی تصویر شیئر کر کے دنیا کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تصویر کے ساتھ جاری اپنے بیان میں لکھا کہ ‘سرو’ کا یہ درخت ایشیا کا قدیم ترین جاندار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ درخت اس دھرتی پر موجود ہے جو 4500 سال پہلے بھی ایران کے نام سے ہی جانی جاتی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ صدر پزشکیان نے ساڑھے چار ہزار سال پرانے درخت کی تصویر اس لیے شیئر کی کیونکہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی تہذیب کو نشانہ بنانے اور اسے اجاڑنے کی دھمکی دی تھی، جس کا ایرانی صدر نے اس تاریخی حوالے سے جواب دیا ہے۔
Asia’s oldest living organism, the ancient Abarkuh cypress tree – at least 4500 years old – is rooted in land that was already known as Iran at the time. pic.twitter.com/6lvL9NIEOj
— Masoud Pezeshkian (@drpezeshkian) May 16, 2026
واضح رہے کہ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے دورہ چین کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چین کے انتہائی خفیہ اور نایاب حکومتی باغ کا دورہ کروایا تھا۔
اس موقع پر صدر شی نے باغ میں موجود 490 سال پرانے درخت دکھائے تھے اور بتایا تھا کہ یہاں بعض درخت ایک ہزار سال سے بھی زیادہ قدیم ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اس تاریخی جگہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یہ ماحول بہت پسند آیا ہے۔ ایرانی صدر کی جانب سے ساڑھے چار ہزار سال پرانے درخت کی تصویر شیئر کرنے کو امریکی صدر کے اسی دورے اور بیانات کے تناظر میں ایک گہرا سفارتی و تاریخی جواب سمجھا جا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


