کراچی : امریکا ایران معاہدے کے بعد ایرانی ریال کی قدر میں ریکارڈ اضافہ ہوا، ایک ہی دن میں ایک کروڑ ریال 1500 روپے مہنگا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان ایک ممکنہ معاہدے کی خبریں سامنے آتے ہی پاکستانی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قدر میں اچانک اور ریکارڈ ساز اضافہ دیکھنے میں آیا۔
امریکی پابندیوں میں نرمی کی امید پر سرمایہ کار اور فاریکس ڈیلرز دھڑا دھڑ ایرانی کرنسی خرید رہے ہیں ، جس کی وجہ سے مارکیٹ میں ریال کی طلب غیر معمولی حد تک بڑھ گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق ممکنہ معاہدے کی خبریں مارکیٹ میں آتے ہی پہلے ہی دن ریکارڈ 25 ارب روپے مالیت کے ایرانی ریال کی خرید و فروخت ہوئی اور محض ایک ہی دن میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت میں 1,500 روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔
جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت بڑھ کر 4,000 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان نے صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ مارکیٹ میں آج دوسرے روز بھی ایرانی ریال کی طلب میں غیر معمولی اور تیز ترین اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انویسٹرز کو توقع ہے کہ اس معاہدے کے بعد ایران پر عائد عالمی پابندیاں نرم ہوں گی، جس سے ریال مزید مضبوط ہوگا۔
دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایرانی ریال کی قدر کا یہ اچانک بڑھنا دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سرحدی تجارت ، بارٹر سسٹم اور پیٹرولیم مصنوعات کی غیر رسمی خریداری سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔
تاہم، ماہرین نے سرمایہ کاروں کو خبردار بھی کیا ہے کہ ریال کی قدر میں یہ حالیہ تیزی عارضی بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اس کا پورا دارومدار امریکا ایران معاہدے کی حتمی شرائط اور عالمی پابندیوں کے مستقبل پر ہے۔


