ہفتہ, اپریل 18, 2026
اشتہار

آپ کس طرف ہیں؟ علی لاریجانی کا دنیا بھر کے مسلمانوں سے سوال

اشتہار

حیرت انگیز

تہران : ایران کی سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام خط میں کہا مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے نام ایک کھلا خط لکھ دیا۔

جس میں انہوں نے حالیہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں مسلم ممالک کے کردار پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

علی لاریجانی نے اپنے خط میں سوال کیا آپ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ ہیں یا ایران اور مزاحمت کاروں کے ساتھ ؟ اور کہا کہ جب ایران پر حملہ ہوا تو مسلم اکثریتی ممالک کی طرف سے وہ حمایت اور یکجہتی دیکھنے کو نہیں ملی جس کی توقع تھی۔

چھ نکاتی خط میں ان کا کہنا تھا کہ ایران کو مذاکرات کے دوران امریکی اور صیہونی حملے کا سامنا کرنا پڑا جس کا مقصد ایران کو توڑنا تھا، چند نادر مواقع کے سوا کوئی مسلم ملک ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا، اس کے باوجود ایرانی عوام نے اپنے مضبوط ارادے کے ساتھ دشمن پر قابو پالیا اور آج دشمن اس اسٹریٹجک بحران سے نکلنے کے قابل نہیں ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے مزید لکھا ایران بڑے اور چھوٹے شیطان یعنی امریکا اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت کے راستے پر قائم ہے۔ لیکن کیا کچھ مسلم حکومتوں کا رویہ ہمارے خلاف ہے۔ ایسا اسلام کیسا ہے؟

انہوں نے خطے کی صورتحال کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے سوال کیا کہ "آج کی اصل لڑائی میں ایک طرف امریکہ اور اسرائیل ہیں، جبکہ دوسری طرف ایران اور مزاحمتی قوتیں (رزیلینس فورسز) کھڑی ہیں، اب مسلم دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس طرف کھڑی ہے؟”

انہوں نے واضح کیا کہ ایران سے یہ توقع رکھنا عبث ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر حملوں کے بعد ہاتھ باندھے خاموش کھڑا رہے گا، ایران اپنی جدوجہد میں ڈٹ کر کھڑا ہے۔

علی لاریجانی نے خط میں ان الزامات کی بھی تردید کی کہ ایران خطے پر اپنا تسلط چاہتا ہے۔ انہوں نے لکھا "ایران خطے پر تسلط قائم کرنے کا خواہاں نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کو متحد اور بیدار دیکھنا چاہتا ہے۔”

سیکریٹری سیکیورٹی کونسل نے اپنے مراسلے کا اختتام اسی چبھتے ہوئے سوال پر کیا کہ تاریخ کے اس اہم موڑ پر جب حق اور باطل کی قوتیں آمنے سامنے ہیں، مسلم ممالک کی ترجیحات کیا ہیں؟

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں