ایران میں خفیہ ایجنسی کے سربراہ حسین طیب کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ان کی جگہ ایرانی خفیہ ایجنسی کے پروٹیکشن یونٹ کے چیف محمد کاظمی لیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ حسین طیب کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور ان کی جگہ ایرانی خفیہ ایجنسی کے پروٹیکشن یونٹ کے چیف محمد کاظمی کو نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حسین طیب کو ایران میں اہم شخصیات کے قتل ہونے کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا ہے، جن میں ایران کے ایرو اسپیس ڈویژن کے رکن اور پاسداران انقلاب کے ایکسٹرنل آپریشنز یونٹ کے کمانڈر کرنل علی اسماعیل زادے بھی شامل ہیں، ایران کا کہنا ہے کہ ان شخصیات کے قتل میں اسرائیل ملوث ہے۔
حسین طیب کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ حسین طیب پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف حسین سلیمی کے مشیر کے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران میں پاسداران انقلاب کے کرنل خدائی کے قتل کی ذمہ داری اسرائیل نے قبول کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں پاسداران انقلاب کے قتل کی ذمہ داری اسرائیل نے قبول کرلی
امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو آگاہ کردیا ہے کہ کرنل خدائی کا قتل اسرائیل نے کروایا ہے، اسرائیلی حکام نے امریکی کو بتایا کہ کرنل خدائی ایک خفیہ یونٹ کا سربراہ تھا جسے دنیا بھر میں اسرائیلیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے اغوا اور قتل کا کام سونپا گیا تھا۔