بغداد : عراق نے امریکی گیمنگ پلیٹ فارم روبلوکس پرپابندی لگادی، وزارت کا کہنا ہے کہ روبلوکس کا مواد عراقی معاشرتی اقدار اور روایات سے مطابقت نہیں رکھتا۔
تفصیلات کے مطابق عراق نے بچوں کے استحصال اور سائبربلیک میلنگ کے خدشات کے پیش نظر امریکی گیمنگ پلیٹ فارم روبلوکس (Roblox) پر پابندی عائد کر دی۔
عراقی وزارتِ مواصلات نے بتایا کہ یہ فیصلہ جامع تحقیق اور فیلڈ مانیٹرنگ کے بعد کیا گیا، جس میں انکشاف ہوا کہ گیم میں سیکیورٹی اور سماجی خطرات پائے گئے ہیں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ روبلوکس کا مواد عراقی معاشرتی اقدار اور روایات سے مطابقت نہیں رکھتا اور یہ کم عمر صارفین کے استحصال یا سائبر بلیک میلنگ کا باعث بن سکتا ہے۔
وزارتِ مواصلات نے مزید کہا کہ عراقی حکومت بچوں کے تحفظ اور ڈیجیٹل ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب روبلوکس کارپوریشن نے اس فیصلے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ کمپنی کا ماضی میں کہنا رہا ہے کہ وہ ان ممالک کے قوانین اور ضوابط کا احترام کرتی ہے جہاں وہ کام کرتی ہے، اور بچوں کے تحفظ کے لیے مقامی قانون سازوں کے عزم کی حمایت کرتی ہے۔
عراق کا یہ اقدام ان کئی مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں شامل ہونے کے مترادف ہے، جو آن لائن گیمنگ اور انٹرایکٹو پلیٹ فارمز پر ضابطے سخت کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ترکیہ نے بھی اگست 2024 میں اسی نوعیت کے خدشات کے باعث روبلوکس پر پابندی عائد کی تھی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


