بغداد: عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلی فونک گفتگو میں ملک میں جاری مظاہروں پرگفتگو کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نے تصدیق کی کہ ملک بھر میں سکیورٹی فورسز نے صورتحال کو کنٹرول کرلیاہے اور امن واستحکام کو بحال کردیا گیا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ حکومت نے مظاہرین کو اصلاحات کا پیکیج فراہم کیا ہے، جبکہ مظاہرین کے مطالبات پورے کرنے کیلئے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
عراق میں غربت اور کرپشن کے باعث ان حکومت مخالف عوامی مظاہروں میں اب تک چھ ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ زخمیوں میں بارہ سو کے قریب فوجی اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
عراق میں حکومت مخالف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 112 ہوگئی
ادھر عراق میں احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم عادل عبد الہمدی نے ملک میں قانونی اور مالیاتی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر اعظم نے بے روزگار نوجوانوں کو ملازمتیں دینے، کم آمدن والے شہریوں کو رہایشی اراضی الاٹ کرنے کے اعلانات کیے، اور سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ اس سلسلے میں حکومت سے تعاون کیا جائے۔