کابل : کالعدم تنظیم داعش نے افغان دارالحکومت کابل میں روسی سفارت خانے کے باہر خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز ہونے والے روسی سفارت خانے کے باہر خودکش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔
دھماکے میں روسی سفارتی عملے کے دو افراد سمیت چھ ہلاک اوردس افراد زخمی ہوئے تھے۔
روس کیجانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی، روسی وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے حملے کے ذمہ داروں کو جلد سزا دی جائے گی ۔
دھماکے کے بعد کابل میں روسی سفارتخانے میں قونصلرسروسز عارضی طور پر معطل کردی گئیں ہیں۔
روس کی وزارت خارجہ نے کابل میں ہونے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا تھا کہ حملے میں مارے گئے دونوں ڈپلومیٹک مشن کے ملازمین تھے جبکہ زخمیوں میں متعدد افغانی شہری بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بم دھماکے کے وقت کثیر تعداد میں افراد جائے حادثے پر موجود تھے جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔