کراچی : وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے شہر قائد کے کرونا وائرس سے متاثرہ علاقے سیل کرنے کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جب سے کرونا وائرس لاک ڈاوٗن میں نرمی کی گئی ہے کرونا کیسز تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، کرونا کیسز کی بڑھتی تعداد کو روکنے کےلیے سندھ حکومت نے کراچی میں پھر لاک ڈاون کا پلان تیار کرلیا۔
وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں لاک ڈاون کی ضرورت ہے لیکن کراچی میں کب لاک ڈاون ہوگا یہ ابھی نہیں بتاسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں جن علاقوں میں کرونا کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں انہیں سیل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے وفاقی حکومت پر کیسز کے بڑھنے کا ملبہ ڈالتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو پہلے روز سے لاک ڈاون چاہتے تھے لیکن وفاق آڑے آجاتا تھا۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہزار 805 ہوگئی ہے جن میں سے 831 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ 25 ہزار 600 سے زائد کرونا مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔