بیجنگ: چین میں 14 سالہ لڑکے نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دنیا کا سب سے طویل القامت لڑکا ہے جس کا قد 7 فٹ 3 انچ ہے، گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ نے درخواست کا جائزہ لینا شروع کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 14 سالہ چینی طالب علم نے گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں درخواست دائر کی ہے کہ اسے دنیا کا سب سے لمبا لڑکا ہونے کا اعزاز دیا جائے جس کے بعد انتظامیہ نے لڑکے کے قد کی پیمائش کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جلد اعلان متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق رین کیو نامی لڑکا اپنے اسکول میں بھی منفرد نظر آتا ہے، اس کے لیے خصوصی طور پر ڈیکس تیار گیا ہے جبکہ یونیفارم اور کپڑے بھی آرڈرز پربنائے جاتے ہیں۔
طویل القامت لڑکا 9 کلاس کا طالب علم ہے جبکہ اس کا قد مسلسل بڑھ بھی رہا ہے۔
خیال رہے کہ گینیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں دنیا کے سب سے قدآور ہونے کا اعزاز امریکی لڑکے کو حاصل ہے جسے 16سال کی عمر میں 7 فٹ 2 انچ قد ہونے کی وجہ سے دنیا کا طویل القامت لڑکا قرار دیا گیا۔
جبکہ چینی لڑکے رین کیو نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا قد 7 فٹ 3 انچ ہے اور اس کی عمر بھی 14 سال ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ لڑکے کو کسی قسم کی کوئی بیماری بھی لاحق نہیں، وہ قدرتی طور پر لمبا ترین لڑکا ہے۔