اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ریڈ زون کے راستے ایک بار پھر بند کردیئے گئے، جس سے وکلاء اور سائلین کو آج پھر مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کی سیکیورٹی ایک بار پھر سخت کرتے ہوئے ریڈ زون کے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ مارگلہ روڈ کو واحد کھلا راستہ قرار دیا گیا ہے۔
راستوں کی بندش کے باعث وکلاء اور سائلین کو عدالتوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پر آج دوبارہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کیے گئے ہیں، راستوں کی بندش کے باعث معزز وکلاء صاحبان کی عدالتوں تک رسائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔
اعلامیہ میں معزز جج صاحبان سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وکلاء حضرات اپنے مقدمات میں پیش نہ ہو سکیں تو ان کے خلاف کوئی ایڈورس آرڈر جاری نہ کیا جائے۔
یہ اعلامیہ قائم مقام سیکرٹری اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عمران اشفاق کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریڈ زون کی بندش احتجاج کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے عارضی اقدام ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


