نیویارک : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے، جہاں وہ یواین سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کھلے مباحثے میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک کے دو روزہ سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔
نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اپنے اس اہم دورے کے دوران مئی 2026 کے لیے چین کی صدارت میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے خصوصی اور اعلیٰ سطح کے کھلے مباحثے میں شرکت کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس اہم مباحثے کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی خود کریں گے، جس کا بنیادی موضوع "عالمی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کا تحفظ اور یو این مرکوز بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانا” ہے۔
پاکستان نے سلامتی کونسل کے اس اہم مباحثے کے انعقاد پر چین کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار 28 مئی کو "گلوبل گورننس گروپ آف فرینڈز” کے اہم اجلاس میں بھی شریک ہوں گے، جہاں عالمی طرزِ حکمرانی میں اصلاحات اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا۔
اپنے دورے کے دوران نائب وزیر اعظم مختلف ممالک کے ہم منصبوں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے تعمیری ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے لیے ہمیشہ اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔


