جدہ(27 فروری 2026): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں۔
او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے خصوصی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی نسل کشی ناقابلِ برداشت ہے اور پاکستان اس جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور مستحکم فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان غزہ میں مستقل اور پائیدار جنگ بندی کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
انہوں نے ‘غزہ امن بورڈ’ میں فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے دیرینہ اور اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم امہ کے امن، تعاون اور ترقی کیلئے او آئی سی کا کردار اہم ہے، اسرائیل کی جارحیت کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


