اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ یقین دلاتا ہوں 27ویں ترمیم پیراشوٹ سے نہیں آرہی حکومت لارہی ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ میری تجویز ہے کہ 27ویں ترمیم قومی اسمبلی سے پہلے سینیٹ میں لائی جائے کیونکہ قومی اسمبلی میں نمبر گیمز ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کو کمیٹی میں جانے دیں، ہم نے باقی اتحادیوں کے ساتھ بات کرنی ہے، سینیٹ میں پروفیشنلزم زیادہ اور ان پٹ بھی آتا ہے، جتنی جلدی ہوسکتا ہے ترمیم لائی جائے گی۔
یہ پڑھیں: 27ویں ترمیم آبھی رہی ہے اور پاس بھی ہورہی ہے، فیصل واوڈا
نائب وزیراعظم نے کہا کہ 27ویں ترمیم کو براہ راست تقاریر سے نہیں بحث سے مکمل کریں گے، ترمیم پیش ہوگی تو قانون و انصاف کمیٹی میں جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اتحادیوں کو اعتماد میں لے رہے ہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھی بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی ہونی چاہیے، اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ چیئرمین سینیٹ کی ذمہ داری ہے، میری گزارش ہوگی وہ اس معاملے کو جلدی سے دیکھ لیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں، ان کو ٹوئٹ کرنے کا حق حاصل ہے، انہوں نے ہوا میں باتیں نہیں کیں جو انہوں نے 27ویں ترمیم سے متعلق کہا ہے اس پر بات ہوئی ہے۔


