اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ جبکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں بھی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اوگرا کی سمری وزارت خزانہ کو مل چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں شامل پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ موجودہ قیمتیں آئندہ15دن تک برقرار رہیں گی۔
ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت میں توسیع
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے، اسٹیٹ بینک ایک لاکھ ڈالرتک کی ایل سیز کلیئر کرے گا، ایل سیز کے جتنے بھی کیسز التوا میں ہیں وہ جلد کلیئر ہوجائیں گے۔