اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ تین برس میں ٹیکس وصولی میں تین سو ارب روپے کا اضافہ کر ے گی ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اسلام آباد میں وزارت آئی ٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اپنے خطاب میں اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ حکومت کرپشن کو برداشت نہ کرنے اور پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ پر یقین رکھتی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان نے عالمی اقتصادی رن وے پر بھاگنا شروع کر دیا۔جلد اڑان بھریں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کو ہدایت کر دی ہے کہ رواں برس فور جی اور تھری جی کے بقیہ لائسنسوں کی نیلامی کے لئے اقدامات کریں ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں اقتصادی راہداری سمیت انفراسٹرکچر کی بہرتی کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ بچ جانے والے سپیکٹرم کی بھی جلد نیلامی کی جائے گی ۔ گذشتہ دو سال میں معیشت کے استحکام کیلئے کام کیا گیا ،اب اقتصادی صورتحال اس قدر بہتر ہوئی ہے کہ عالمی ادارے پاکستانی معیشت کی بہتری کی گواہی دے رہے ہیں۔
اس موقع پروزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان کاکہنا تھا کہ رورل ایریاز میں ٹیلی کام سروس پہنچانے کے لیے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے، اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بنائے جائیں گے۔