دمشق: امریکا نے شام سے 5 ہزار 700 سے زائد مشتبہ داعش (آئی ایس آئی ایل) قیدیوں کو عراق منتقل کردیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا کہنا ہے کہ 23 روزہ مشن کا آغاز 21 جنوری کو ہوا، جس کے دوران شام کی حراستی تنصیبات سے 5 ہزار 700 سے زائد بالغ مرد داعش جنگجوؤں کو عراقی حکام کے حوالے کیا گیا۔ آپریشن 12 فروری کو شمال مشرقی شام سے عراق تک رات کی پرواز کے ساتھ مکمل ہوا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا اس سے قبل تقریباً 7 ہزار قیدیوں کی منتقلی کا اعلان کرچکا تھا۔ یہ قیدی تقریباً 60 ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور کئی برسوں سے کرد قیادت میں قائم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے زیر انتظام جیلوں میں قید تھے۔
عراق کے نیشنل سینٹر فار انٹرنیشنل جوڈیشل کوآپریشن کے مطابق 5 ہزار 704 قیدی عراق پہنچے ہیں، جن میں 3 ہزار 543 شامی، 467 عراقی اور 710 دیگر عرب ممالک کے شہری شامل ہیں، جبکہ 980 سے زائد افراد یورپ، ایشیا، آسٹریلیا اور امریکہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی منتقلی علاقائی سلامتی کے لیے ضروری تھی اور مشن کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
سعودی عرب، اقامہ و لیبر خلاف ورزیوں پر 13 ہزار غیرملکی ملک بدر
داعش کی جانب سے 2014 میں شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر غیر قانونی قبضہ کیا گیا تھا۔ 2017 میں عراق اور 2019 میں شام میں اس گروہ کو شکست دی گئی، جس کے بعد ہزاروں مشتبہ جنگجوؤں کو جیلوں اور کیمپوں میں رکھا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


