اسلام آباد: اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اسکیننگ مشین پر بھول گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے عملے کی فرض شناسی کے باعث ایک مسافر کو اس کا قیمتی کھویا سامان واپس مل گیا۔
بیگ میں 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات اور دیگر سامان تھا، جو مسافر کو لوٹا دیا گیا۔
مسافر جمعہ خان علی الصبح اسپین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، تاہم اسکیننگ کے دوران غلطی سے بیگ مشین پر چھوڑ کر چلا گیا، جو بعد ازاں ڈیوٹی فسلیٹیشن آفیسر (آمد) نے لاوارث بیگ کو تحویل میں لے کر لوسٹ اینڈ فاؤنڈ آفس میں جمع کرا دیا تھا۔
رابطے کے بعد ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں کھویا ہوا بیگ مسافر کے حوالے کیا گیا، مسافر نے کھویا سامان وصول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے پی) کے عملے کی ایمان داری اور لگن کے لیے شکرگزار ہے۔