کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ پر منہدم پسنجر بورڈنگ برج پر کام شروع ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر گرنے والے پسنجر بورڈنگ برج کی جگہ 4 برس بعد نئے برج کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا۔
پرانا بورڈنگ برج 9 اکتوبر 2018 میں گر گیا تھا، متبادل پسنجرز بورڈنگ برج کی تنصیب ایئر کرافٹ اسٹینڈ برج نمبر 5 پر عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئے پسنجر بورڈنگ برج کی تنصیب چند روز میں مکمل کر لی جائے گی۔
یاد رہے کہ حادثے کی تحقیقات کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بورڈنگ برج کے ٹھیکے دار ایڈلٹے کمپنی کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی بغیر اضافی معاوضے کے برج کو دوبارہ تعمیر کرے گی۔
پسنجر بورڈنگ برج اچانک گرنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب ایک غیر ملکی ایئر لائن کے طیارے کے ساتھ پسنجر برج لگایا جا رہا تھا، جس کے نتیجے میں آپریٹر زخمی ہو گیا تھا۔