اسلام آباد ایئرپورٹ پر تمام ادائیگیاں ڈیجیٹل والٹ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ سے ہوں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کو مکمل ڈیجیٹلائز کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کاؤنٹرز، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ پر کیو آر کوڈ سے ادائیگی کی جاسکے گی۔
ایئرپورٹ منیجر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے تعاون سے یہ سنگ میل عبور ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سے وقت کی بچت کے ساتھ شفافیت بھی یقینی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر کیش لیس ماڈل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ نئے نظام کے تحت ہوائی اڈوں پر صرف اسٹیٹ بینک سے منظور شدہ ڈیجیٹل سروس فراہم کنندگان ہی اپنی خدمات فراہم کرسکیں گے۔ تمام کاروباری اکائیاں اور کنسیشنرز کو لائسنس یافتہ ڈیجیٹل ادائیگی نظام اپنانا لازمی ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جو کاروباری ادارے یا کنسیشنرز ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام نہیں اپنائیں گے، ان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پی اے اے کا کہنا تھا کہ مسافروں کو نقد ادائیگی کا آپشن بدستور دستیاب رہے گا، تاہم ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ شفافیت، سہولت اور جدید مالیاتی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


