اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی طیارہ لینڈنگ کے دوران خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ کی غلط فہمی اور ہٹ دھرمی نے مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔
اس حوالے سے ایئر پورٹ ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز جدہ سے اسلام آباد پہنچی تھی۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طیارے کو بند رن وے پر لینڈ کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کارن وے 28لیفٹ مرمت کیلئے بند ہے، رن وے28لیفٹ بند ہونے اور رن وے28رائٹ کھلے ہونے کا نوٹم بھی جاری کیا گیا تھا۔
پائلٹ نے لینڈنگ اپروچ 28رائٹ کی بجائے 28لیفٹ کے بند رن وے کی بنائی، ایئرٹریفک کنٹرولر نے طیارے کے پائلٹ کو غلط رن وے پر ہونے کا بتایا غیر ملکی ایئرلائن کا پائلٹ آخر وقت تک یہی کہتا رہا کہ وہ ٹھیک رن وے پر ہے۔
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے عین وقت پر پائلٹ کو لینڈنگ سے روک کر دوبارہ چکر لگانے کا کہا دوسرے کویش میں بوئنگ 777 طیارے نے درست رن وے پر لینڈ کیا۔
جس وقت طیارے نے 28 لیفٹ پرلینڈنگ اپروچ بنائی بڑی تعداد میں لوگ بہت سی گاڑیاں موجود تھیں، ایئر لائن کے بوئنگ 777 طیارے میں سیکڑوں مسافر موجود تھے۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لے لیا ہے، ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کو غلط سمت پر آتے ہوئے دیکھا تھا۔
ایئرٹریفک کنٹرولر نے ریڈار پر دیکھ کر فوری طور پر کپتان سے رابطہ کیا، کپتان کو اطلاع دی گئی کہ آپ لینڈنگ کے لیے غلط سمت پر آرہے ہیں، لیکن کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے بحث کی کہ میں صحیح سمت آرہا ہوں۔
ترجمان ایئرپورٹ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ایئرٹریفک کنٹرولر نے کپتان کی رہنمائی کے لیے اس کو چکر لگانے کو کہا، ایئر ٹریفک کنٹرولر بر وقت کپتان کو غلط رن وے پر نہیں روکتا تو بڑا حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔
لاہور سے جدہ جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں


