اسلام آباد (7 جنوری 2026): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے اور جدید طرز کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں نئے اور جدید طرز کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔
اب اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پہلے مرحلے میں نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ ٹینڈر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اور اسلام آباد سیکٹر ڈی 12 کے قریب اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے ای بڈنگ کے ذریعہ ٹینڈر طلب کر لیے ہیں۔
سی ڈی اے نے ٹینڈر جمع کرانے کے لیے 12 کروڑ روپے کی بڈ سیکیورٹی لازمی قرار دی ہے اور بولیاں جمع کرانےکی آخری تاریخ 16 فروری 2026 مقرر کی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ دنوں ایک اجلاس میں اسلام آباد کے لیے کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا اور اس میں شہر اقتدار میں نئے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل تھا۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں نیا اور جدید اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، یہ اسٹیڈیم جدید سہولتوں سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم ہوگا۔


