اسلام آباد (11 نومبر 2025): وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کچہری کے باہر ہونے والے خودکش دھماکے کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم نے اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی اور حملے میں شہید افراد کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔ شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور ان کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
یہ بھی پڑھیں: خودکش حملہ آور نے اسلام آباد کچہری کے باہر کیسے دھماکا کیا؟
شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، بھارتی دہشتگرد پراکسیوں کی جانب سے پاکستان کے نہتے شہریوں پر حملے قابل مذمت ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، بھارتی ایما پر سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا گیا، بھارتی پشت پناہی اور افغان سرزمین سے جاری ان حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
’نہتے و معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک جنگ جاری رکھیں گے۔ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، متعدد زخمی
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو خطے میں پراکسیوں کے ذریعے دہشتگردی پھیلانے کے مکروہ فعل سے باز رہنا چاہیے، وقت آگیا ہے کہ دنیا کو بھارت کی ایسی مذموم سازشوں کی مذمت کرنی چاہیے، بھارت کا خطے میں امن تباہ کرنے کا بھیانک چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، دونوں حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں۔


