اسلام آباد (07 فروری 2026): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد کی مسجد میں نمازیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے شہریوں اور عبادت گاہوں پر حملے ناقابلِ قبول قرار دیے، اور ذمہ داروں کو شناخت کر کے انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔
انتونیو گوتریس نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی کا اظہار اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دھماکا، 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں گزشتہ روز جمعہ کو خودکش دھماکے میں 32 نمازی شہید ہو گئے ہیں، نماز جمعہ کے دوران مسجد خدیجة الکبریٰ میں نمازی نشانہ بنے، 32 میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں، وزیر صحت مصطفیٰ کمال کے مطابق 121 زخمیوں میں 25 کی حالت نازک ہے۔
اقوام متحدہ کے علاوہ امریکا، سعودی عرب، ایران، روس، چین، ترکیہ اور افغانستان سمیت مختلف ملکوں کی جانب سے اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے، سعودی عرب نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا، امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا شہریوں اور عبادت گاہوں پر دہشت گردی ناقابل قبول ہے، امریکا امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا مشکل گھڑی میں اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکیہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا، افغان وزارت خارجہ نے کہا مسجد کا تقدس پامال کرنے اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اسپین اور نیدرلینڈز کی جانب سے بھی خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


