اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے میئر شیخ انصر عزیز کی بطور چیئرمین سی ڈی اے تعیناتی کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے میئر اسلام آباد کی بطور چیئرمین سی ڈی اے تقرری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے کے تحت شیخ انصر عزیز کی بطور چیئرمین سی ڈی اے تعیناتی کالعدم قرار دے دی۔ فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیا۔
فیصلے کے مطابق شیخ انصر کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے کے بورڈ ممبرز تعینات کیے جائیں۔ 45 دن میں سی ڈی اے کا نیا چیئرمین 5 سال کے لیے تعینات کیا جائے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ شیخ انصر کے بطور چیئرمین سی ڈی اے فیصلے برقرار رہیں گے۔ سنہ 1960 کے آرڈیننس کے مطابق سی ڈی اے خود مختار ادارہ ہے۔ آرڈیننس میں سی ڈی اے چیئرمین اور بورڈ کو بھی خود مختاری دی گئی ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ وفاق سی ڈی اے کی ہر طرح کی مدد کرنے کا پابند ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔