اسلام آباد(18 جون 2026): اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات کے لیے تاریخ میں پہلی بار خصوصی ایپ تیار کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی تاریخ میں پہلی بار محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ‘محفوظ محرم’ کے نام سے ایک خصوصی ڈیجیٹل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی شہر کی تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیگنگ مکمل کر کے ڈرونز کے ذریعے ڈیجیٹل نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ اہم فیصلے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کیے گئے، جس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے سیف سٹی میں قائم مرکزی کنٹرول روم کو فعال کرنے اور شہر کے لیے ایک جامع ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ‘محفوظ محرم’ ایپ کے ذریعے شہری کسی بھی مشتبہ شخص، مشکوک سرگرمی یا نامکمل حفاظتی انتظامات کے بارے میں فوری طور پر انتظامیہ کو مطلع کر سکیں گے۔
اس ایپ میں لائیو لوکیشن اور تصاویر شیئر کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ مزید برآں، مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے 4 درجاتی حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے جلوسوں اور مجالس کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی پر مامور متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے لیے کھانے پینے کے معیاری انتظامات بروقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
اجلاس میں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ امن اور نگہبان کمیٹیوں کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ علماء اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس اہم اجلاس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈپٹی کمشنر اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔


