اسلام آباد (19 فروری 2026): رمضان المبارک میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 450 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کی زیر صدارت ٹریفک ہیڈکوارٹر فیض آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور سستے بازاروں میں خصوصی ٹریفک پلان نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ٹی او اسلام آباد کے مطابق سحری، افطاری اور تراویح کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، تمام افسران مساجد و امام بارگاہوں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اور باہمی میٹنگز کا انعقاد کریں۔
حمزہ ہمایوں نے کہا اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پارکنگ نظام کو مؤثر بنانے کی خصوصی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، رمضان سستے بازاروں اور بڑی مارکیٹوں میں ٹریفک کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں، اور شہر کے 5 اہم مراکز میں افطار کے بعد ٹریفک پولیس کے ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔
رمضان میں کراچی کی مساجد، مارکیٹوں میں کتنے ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے؟
سی ٹی او اسلام آباد نے افسران کو سحری اور افطاری اپنے جوانوں کے ساتھ فیلڈ میں کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، اور کہا ہے کہ ٹریفک پولیس افسران کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور مثبت رویہ اپنانے کی سختی سے ہدایت جاری کی گئی ہے، کسی بھی شہری کے ساتھ ناروا سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
حمزہ ہمایوں کے مطابق ایس پی ٹریفک اور تمام زونز کے ڈی ایس پیز خود فیلڈ میں موجود رہیں گے، ہائی ویز پر سحری اور افطاری کے بعد ون ویلنگ کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کیا جائے گا، ون ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فیصل مسجد میں نمازیوں کے لیے بہترین پارکنگ سہولیات فراہم کرنے کے لیے علیحدہ ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے، حمزہ ہمایوں نے کہا کہ شہریوں کو رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے وژن کے مطابق عوام کو بہترین ٹریفک سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔


