اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں یوم القدس کے موقع پر مختلف شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم القدس روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، جس کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نمازِ جمعہ کے بعد فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلیوں کے پیشِ نظر شہر کی اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا آئی جی اسلام آباد اور تمام ڈی آئی جیز سمیت پولیس افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے، خاص طور پر گندم گودام، ایران ایونیو، روات ٹی کراس اور بہارہ کہو میں گاڑیوں کی کڑی تلاشی لی جا رہی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی سہولت اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے درج ذیل انتظامات کیے گئے ہیں ، ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رہے گا، جبکہ باقی تمام داخلی راستے بند ہوں گے۔
اس کے ساتھ ایران ایونیو آنے اور جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں جبلپ چاند تارہ فلائی اوور سے سرینا چوک تک سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔
آبپارہ و گردونواح: سہروردی روڈ آبپارہ آنے اور جانے کے لیے مکمل بند ہے۔ اس کے علاوہ اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک اور فضل حق روڈ تک آمد و رفت معطل رہے گی۔
حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک سڑک بند ہے، جبکہ گندم گودام سے فقیر ایپی روڈ اور آئی ایٹ سے آئی جے پی ڈبل روڈ اور راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک کلب روڈ سنگل سائیڈ سے بند رہے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔


