اتوار, مئی 10, 2026
اشتہار

اسماعیل راہو کا امتحانی مراکز کا اچانک دورہ ، امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے مختلف امتحانی مراکز کے دوروں کے دوران امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد کرلئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے کراچی کے علاقوں صدر اور لیاری کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران امتحانی عمل میں سنگین بے ضابطگیاں، موبائل فونز کا کھلے عام استعمال اور نقل کے منظم واقعات سامنے آنے پر صوبائی وزیر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

لیاری کے علاقے میں واقع نیو ویژن گرامر اسکول کے دورے کے دوران امیدواروں سے بڑی تعداد میں موبائل فونز اور نقل کا مواد برآمد ہوا۔

محمد اسماعیل راہو نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ کو مذکورہ اسکول کا امتحانی مرکز فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔

بہار کالونی میں جب وزیرِ تعلیمی بورڈز نے طلبہ کی کاپیاں چیک کیں تو انکشاف ہوا کہ متعدد امیدواروں کا پرچہ حرف بہ حرف ایک جیسا تھا، جو کہ منظم نقل کا ثبوت ہے۔

صوبائی وزیر نے ایک ہی سینٹر میں 16 مختلف اسکولوں کی 400 سے زائد طالبات کو منتقل کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کو بہار کالونی کے ایک ہی سینٹر میں شفٹ کرنا ضابطے کے خلاف ہے اور اس کے ذمہ دار عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دورے کے دوران متعدد مراکز پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کی شکایات بھی موصول ہوئیں، جس پر اسماعیل راہو نے انتظامیہ کو طلبہ کی سہولت کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اسماعیل راہو نے واضح کیا کہ طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور نقل میں ملوث عملہ ہو یا دیگر عناصر، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا، حکومت بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ نقل جیسے غیر قانونی عمل سے اجتناب کریں کیونکہ یہ تعلیمی نظام کو کھوکھلا کر رہا ہے، جن مراکز میں نقل کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، وہاں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں