اشتہار

بنون: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 خوارج ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی(21 فروری 2026): بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی نے جامِ شہادت نوش کر لیا، جبکہ فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بنوں میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ بھارتی پراکسی ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں نے بارود سے بھری خودکش گاڑی کے ذریعے بڑی تباہی کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم اگلے دستوں نے خودکش بمبار کو بروقت روک کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہید ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج نے انکشاف کیا کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال کر رہے ہیں اور افغان طالبان حکومت ان دہشت گردوں کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ پاکستان فتنہ الخوارج کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھے گا اور ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں