اسلام آباد (26 اکتوبر 2025) سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی 4 خودکش بمبار سمیت 25 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوششیں ناکام بنا دی اور بروقت موثر کارروائی کرتے ہوئے 25 خوارج کو ہلاک کر دیا، مارے جانے والوں میں 4 خودکش بمبار بھی تھے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے کُرم اور شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنائیں۔
شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے مقام پر کارروائی میں 4 خودکش بمباروں سمیت 15 خوارج ہلاک ہوئے جب کہ کُرم کے علاقے گھاکئی میں آپریشن کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
ہلاک دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ہتھیار اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ کلیئرنس آپریشن میں علاقے سے باقی خوارج کو ختم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 5 بہادر جوان شہید ہوئے۔
شہدا میں غذر سے تعلق رکھنے والے حوالدار منظور حسین، ضلع پونچھ کے سپاہی نعمان الیاس کیانی، ضلع قصور کے سپاہی محمد عدیل، وہاڑی کے سپاہی شاہ جہاں، پاکپتن سے تعلق رکھنے والے سپائی علی اصغر شامل ہیں۔
مادر وطن کے تحفظ کے لیے 5 بہادر سپوتوں کا اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک پاک افغان سرحدی دراندازی ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب استنبول میں مذاکرات جاری ہیں۔ عارضی افغان حکومت موثر سرحدی کنٹرول کو یقینی بنائے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے دفاع اور مضبوط سرحدی سیکیورٹی کے لیے پُر عزم ہیں۔ ڈی او اے معاہدے کے تحت افغان فریق کارروائی ختم کرے۔


