راولپنڈی: میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام شرکا سے بلاتفریق مصافحہ کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹ میں واضح کیا ہے کہ امن کے لئے اٹھائے گئے مثبت قدم کو منفی پروپیگنڈے کی نذرنہیں ہونا چاہیے۔
انھوں نے بھارتی میڈیا کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف گوپال چاؤلا کا آرمی چیف سے مصافحہ دکھانا بھارتی میڈیا کی تنگ نظری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے امن کا ہاتھ بڑھانا حسب معمول بھارتی میڈیا کے مزاج پر بے حد گراں گزرا، بھارتی میڈیا نے کرتار پور راہداری کھولنے کو سفارتی دہشت گردی کا نام دے دیا۔
تعصب کی آگ میں بھارت نے اپنے ہی ملک میں آباد سکھوں کو بھی دہشت گرد کہنا شروع کردیا۔
اسی تناظر میں آرمی چیف کے مصافحہ کو پروپیگنڈے کا نشانے بنانے کی افسوس ناک کوشش کی گئی، جس کی ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی تقریر میں کرتار پور راہ داری کو امن کی جانب بڑا قدم قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا اس سے پہلے بھی نوجوت سنگھ سدھو کو وزیر اعظم عمران خان کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کرنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنا چکا ہے۔