(25 ستمبر 2025): اسرائیل نے غزہ میں اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 24 گھنٹے کے دوران 170 بم برسا کر کئی مقامات کو تباہ کر دیا۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) نے جاری بیان میں بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے 24 گھنٹے کے دوران غزہ پٹی میں 170 سے زائد اہداف پر حملے کیے، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے خلاف آگے بڑھ رہے ہیں۔
آئی ڈی ایف نے دعویٰ کیا کہ کارروائیوں میں جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان میں حماس کے مزاحمت کار، ان کے زیر استعمال عمارتیں، ہتھیاروں کے ڈپو اور دیگر ڈھانچے شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ غزہ شہر میں 98ویں ڈویژن نے تقریباً 20 اہداف پر ڈرون حملوں کی ہدایت کی جن میں ایک حماس کے مزاحمت کار تھا جو بم دھماکے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا جبکہ دیگر میں مسلح مزاحمت کار اور ایک ہتھیاروں کا ڈپو شامل تھا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق 162ویں اور 36ویں ڈویژنز بھی غزہ شہر میں آپریشن کر رہی ہیں، گزشتہ روز مزاحمت کار کو نشانہ بنایا جبکہ دیگر کے زیر استعمال ڈھانچوں کو تباہ کیا۔
آئی ڈی ایف نے مزید بتایا کہ 215ویں آرٹلری رجمنٹ کی جانب سے کیے گئے حملوں نے حماس کے اسرائیلی فوجیوں پر گھات لگانے کیلیے استعمال ہونے والی جگہوں کو نشانہ بنایا۔
دریں اثنا، غزہ شہر کے شمالی حصے میں 99ویں ڈویژن نے کئی ایسے مقامات کو نشانہ بنایا جو ان کے مطابق حماس کے زیرِ استعمال تھے، ان میں سرنگیں اور ایک گھات کی جگہ شامل تھی جہاں دھماکا خیز آلات نصب کیے گئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


