تازہ ترین

اسرائیل نے فلسطینی گورنر کو گرفتارکرلیا

یروشلم : اسرائیلی پولیس نے رواں سال ستمبر میں یروشلم کے گورنرتعینات ہونے والے عدنان غیث کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مشرقی یروشلم کے علاقے سلوان سے رات گئے گورنر یروشلم عدنان غیث کو گرفتار کیا۔

اسرائیلی پولیس نے عدنان غیث کو یروشلم کے عدالت میں جج چاوی ٹوکر کے سامنے پیش کیا اور ریمانڈ کی درخواست کی جس پرعدالت نے 29 نومبر تک گورنر یروشلم کا ریمانڈ منظور کرلیا۔

ترجمان پولیس مکی روزین فیلڈ نے گورنر یروشلم کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کردیا۔

گورنر یروشلم عدنان غیث کے دفتر پررواں ماہ 4 نومبر کواسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھاپہ مارا گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ عدنان غیث کو اسرائیلی پولیس نے 2 روز حراست میں رکھا تھا جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔

عدنان غیث کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل نے کوئی جرم نہیں کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ پولیس انہیں ان کے عہدے پر کام کرنے سے روکنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب فلسطین کے وزیربرائے امور یروشلم عدنان الحسینی پر بھی اسرائیلی حکومت کی جانب سے 3 ماہ کی سفری پابندی عائد ہے۔

واضح رہے کہ عدنان غیث مشرقی یروشلم کے قریبی علاقے سلوان کے رہائشی ہیں، انہیں رواں سال ستمبر میں گورنرتعینات کیا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -