جنوبی لبنان میں جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیل نے آپریشن وسیع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جھڑپوں میں 12 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر اپنی زمینی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج نے اپنے مزید دستے پہنچا دیے ہیں، اسرائیل نے تین ریزرو بریگیڈز کے دستوں کی ویڈیو جاری کر دی۔
جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بچوں سمیت 17 افراد شہید ہو گئے، لبنان کے کئی قصبوں میں اسرائیلی فورسز اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہو رہی ہیں، اسرائیل کے حملوں پر حزب اللہ کے جوابی وار میں بارہ فوجی ہلاک ہو گئے۔
حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفا پر راکٹ بھی فائر کیے، اسرائیلی فوج کے مطابق 190 پروجیکٹائل اسرائیلی حدود میں داغے گئے، جن سے املاک کو نقصان پہنچا جب کہ متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں میں اسرائیل کے علاقے کفر اردریم، حیفا اور تبریاز میں اسرائیلی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔