عمان کے وزیرخارجہ نے نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسرائیل کو خطے کا اصل مسئلہ قرار دیا ہے۔
عمانی وزیرخارجہ بدربن حمدالبوسعیدی نے کہا کہ ایران نہیں اسرائیل خطےکا اصل مسئلہ ہے خلیجی ممالک کا ایران کو الگ کرنے کا رویہ بدلنا چاہیے۔
عمان طویل عرصے سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے عمان کے ذریعے تہران کو نیا پیغام بھیجا ہے تاہم اس کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔
ایران نے امریکا سے جوہری مذاکرات پر جلدبازی نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اقتصادی اور بیرونی دباؤ کے باوجود جلد مذاکرات میں جانے سے انکار کر دیا۔
ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقی نے غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا سے مذاکرات صرف برابری کی بنیاد اور باہمی مفادات پر ممکن ہیں ہمارا مؤقف واضح ہے غیرمنصفانہ شرائط کے تحت مذاکرات ناممکن ہیں، امریکی شرائط غیرمنطقی اور غیرمنصفانہ ہیں ان پربات نہیں ہو سکتی۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا 400کلوگرام افزودہ یورینیم ملبے تلے دفن ہے یورینیم اس وقت تک نہیں نکالیں گے جب تک حالات سازگار نہ ہوں ہمیں نہیں معلوم کتنا یورینیم محفوظ ہےکتنا تباہ ہوا کھدائی کے بعد پتہ چلے گا۔
ادھر ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ دشمن ایرانی سرزمین کی طرف میلی نظر ڈالنے کی جرأت بھی نہیں رکھتا۔
ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے نائب سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے بندرعباس میں بحری زون کے دورے کے موقع پر کہا کہ اگر آج ایران کی آبی سرحدوں پر مکمل امن قائم ہے تو یہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری جوانوں کی شبانہ روز قربانیوں اور کوششوں کے باعث ہے۔


