تازہ ترین

اسرائیلی وزیراعظم کو بڑا دھچکا، اقتدار کی الٹی گنتی شروع

تل ابیب: اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہوچکی۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے کثیر الاشاعت اخبار نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاھو کے اقتدار کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے، ان کے اقتدار کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔

عبرانی اخبار کی طرف سے یہ تنقید ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب وزیراعظم نیتن یاھو پانچویں بار وزیراعظم بننے کا خواب پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

اسرائیل کے ایک سینئر سیاسی تجزیہ نگار یوسی فیرٹر نے کہا کہ نیتن یاھو پانچویں بار حکومت کی تشکیل کے لیے کوشاں تھے مگر انہیں اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کنیسٹ کی دوسری جماعتوں نے ان کے سامنے حکومت شمولیت کے لیے کڑی شرایط عاید کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیتن یاھو پر ایک ہی وقت میں دو کاری ضربیں لگیں۔ ایک سیاست دانوں کی طرف سے اور دوسری عدلیہ کی طرف سے لگی۔

تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ بنجمن نیتن یاھو پانچویں بار وزیراعظم منتخب ہو کر خود کو کرپشن کے مقدمات سے بچانے کے لیے آئینی تحفظ دلانے کی کوشش کررہے تھے مگر ان کا وہ خواب چکنا چور ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ نیتن یاھو کو دوسری مشکل اس وقت پیش آئی جب عدالت نے ان کے خلاف فرد جرم عاید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا سیاست دان جس پر بدعنوانی کے سنگین الزامات عاید ہوں اور ان پر ایک سے زاید کیسز میں فرد جرم بھی عاید کی گئی ہو تو اس کے لیے اقتدار سنھبالنا مناسب نہیں ہے۔

Comments

- Advertisement -