منگل, جولائی 14, 2026
اشتہار

اسرائیل نے امریکی عوام میں اعتبار کی بحالی کے لیے لاکھوں ڈالر پھونک دیے، اسرائیلی اخبار کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

تل ابیب (08 نومبر 2025): اسرائیلی اخبار ہارٹز نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے امریکی عوام میں اعتبار بحال کرنے کے لیے لاکھوں ڈالر خرچ کر دیے ہیں۔

اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی حکومت نے امریکی عوام کی نظر میں اپنا اعتبار بحال کرنے کے لیے حالیہ مہینوں میں لاکھوں ڈالر کے ٹھیکے دیے۔ اسرائیل نے امریکی عوام کی آن لائن اور آف لائن ہم دردیاں خریدنے کے لیے کوششیں کیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے کچھ اداروں کو ٹھیکے دیے ہیں تا کہ وہ امریکا میں گرجا گھروں کو جانے والے لاکھوں افراد میں اسرائیل کی حمایت میں مہم چلا سکیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کے قدامت پسند دائیں بازو میں بھی اسرائیل کی حمایت کم ہو چکی ہے، جنھیں روایتی طور پر اسرائیل کا حامی تصور کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ اداروں کو اسرائیل کی حمایت میں میسیجز چلانے اور سرچ انجن میں اسرائیل کی منشا کے مطابق جوابات فراہم کرنے کی ذمے داری بھی سونپی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے غزہ پر اپنی نسل کشی کی جنگ کے بعد امریکی رائے عامہ کو نئی شکل دینے کے لیے اپنی وزارت خارجہ اور سیاحت کی وزارتوں اور سرکاری اشتہاری ایجنسی کے ذریعے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

کن افراد کو اب امریکا کا ویزا نہیں ملے گا؟

اس اشتہاری مہم میں اے آئی سے بھی کام لیا جا رہا ہے اور مہم کے لیے ادائیگیاں Havas Media جرمنی کے ذریعے کی گئیں، ان معاہدوں میں سب سے نمایاں 60 لاکھ ڈالر کا ایک معاہدہ ’کلاک ٹاور ایکس‘ کے ساتھ ہے، جو بریڈ پارسکیل کی ملکیت ہے، یہ وہی شخص ہے جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی حکمت عملی ترتیب دی تھی۔

چار ماہ پر مشتمل اس معاہدے کے تحت ’’حکمتِ عملی پر مبنی مشاورت، منصوبہ بندی اور ابلاغی خدمات‘‘ فراہم کی جائیں گی، جن کا مقصد ہزاروں آن لائن مواد تیار کرنا ہے تاکہ سام دشمنی کے خلاف مہم چلائی جا سکے، اور اسرائیل کی ساکھ کو دوبارہ بہتر بنایا جا سکے۔

اس منصوبے میں ایک اضافی جزو بھی شامل ہے جسے ’’سرچ اینڈ لینگویج آپریشن‘‘ کہا گیا ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف آن لائن سرچ نتائج کو متاثر کرنا ہے بلکہ جنریٹیو اے آئی سسٹمز، جیسے چیٹ جی پی ٹی اور کلاڈ، میں موضوعات کی تشکیل اور تعبیر کو بھی بدلنا ہے۔ ہآرٹز کے مطابق یہ کسی ریاست کی جانب سے چیٹ بوٹس کے نتائج میں مداخلت کی پہلی معلوم مثال ہے۔

ایک علیحدہ مہم کے تحت 3 ملین ڈالر کا Show Faith by Works نامی منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے، جسے ری پبلکن مشیر چیڈ شنٹگر چلا رہے ہیں۔ اس منصوبے میں امریکا کی مغربی ریاستوں میں موجود قدامت پسند چرچوں اور عیسائی کالجوں کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ مہم امریکی تاریخ کی سب سے بڑی جیو فینسنگ کمپین قرار دی گئی ہے۔

اس میں یہ تجویز دی گئی ہے کہ کیلیفورنیا، ایریزونا، نیواڈا، اور کولوراڈو کی چرچوں کی حدود عبادت کے اوقات میں نقشے پر نشان زد کی جائیں، اور تجارتی ڈیٹا کے ذریعے شرکا کی شناخت کی جائے، اور انھیں اسرائیل کے حق میں اشتہارات دکھائے جائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں