تل ابیب (1 اکتوبر 2025): اسرائیل نے غزہ کی جانب محو سفر پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بولنے کی تیاری شروع کر دی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا آؤٹ لیٹ ’وائی نیٹ‘ نے بتایا کہ اشدود بندرگاہ پر تقریباً 500 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو گلوبل صمود فلوٹیلا میں شریک کارکنوں کی متوقع آمد کے پیش نظر ہے۔
اسرائیلی میڈیا آؤٹ لیٹ کے مطابق اشدود اور اس کے اطراف کے اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلیے الرٹ رہیں اور اپنی ٹیموں کو تیار رکھیں۔
مزید بتایا گیا کہ اسرائیلی بحریہ کی ایلیٹ اسپیشل فورسز یونٹ شائٹیٹ 13 کے اہلکار باقی دستوں کے ساتھ مل کر فلوٹیلا میں شامل جہازوں کا کنٹرول سنبھالیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کو اسرائیلی بحریہ کے جہازوں پر منتقل کیا جائے گا اور پھر انہیں ساحل پر لایا جائے گا، انہیں اسرائیل میں کیتزیوٹ جیل بھیجا جائے گا جبکہ تعاون کرنے والوں کو ان کے آبائی ممالک واپس ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


