بیروت(13 اپریل 2026): لبنان پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
لبنانی وزارتِ صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 2 مارچ سے جاری اسرائیلی مظالم میں اب تک شہید ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 55 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 6 ہزار 588 ہو چکی ہے، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ اسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت اور طبی سہولیات کی کمی کے باعث لبنان میں انسانی بحران نے شدت اختیار کر لی ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے باعث اموات اور زخمیوں کی تعداد میں لمحہ بہ لمحہ اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کئی علاقے مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے لبنانی حکومت نے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ معصوم شہریوں کا قتل عام روکا جا سکے اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


