بیروت(8 مارچ 2026): لبنان کی سرحد پر جاری شدید جھڑپوں اور حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے راکٹوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ کا بیٹا اور متعدد دیگر فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق وزیرِ خزانہ کا بیٹا جمعہ کے روز لبنانی سرحد کے قریب فوجی کارروائی کے دوران دیگر ساتھیوں سمیت زخمی ہوا۔ حزب اللہ نے جنوبی محاذ پر اسرائیلی پوزیشنوں، فوجی مراکز اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لیے مربوط آپریشنز کے ایک نئے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافات اور لبنانی شہروں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں مزاحمتی فورسز نے زاریت بیرکوں پر راکٹوں کی برسات کر دی۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرحد کے قریب ٹینک شکن میزائل لگنے سے کم از کم 8 فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیے گئے جبکہ حیفہ کے شمالی علاقوں میں ڈرون حملوں کے پیشِ نظر خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔
حزب اللہ کے جنگجوؤں نے صبح سویرے ‘ساعصاع’ بستی پر راکٹوں سے حملہ کیا جبکہ جنوبی لبنان میں حال ہی میں قائم کردہ ‘بلات’ سائٹ کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ مٹولا، منارہ، مرج اور یفتاح بیرکوں میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


