غزہ: فلسطین میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، صیہونی فورسز نے فائرنگ کرتے ہوئے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
عرب نیوز نے فلسطین کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے آج صبح مغربی کنارے میں ایک آپریشن کے دوران تین فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل سے جنگ: فلسطینیوں کی جانب سے نئے ہتھیار کا استعمال
فلسطین کی میڈیا رپورٹس میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمالی حصے میں واقع جینن کے علاقے میں ایک کار پر فائرنگ کی، جس کے باعث تین افراد شہید ہوئے۔
شہید افراد کی لاشیں جینن ہسپتال پہنچائی گئیں تو سینکڑوں کی تعداد میں رہائشی وہاں جمع ہو گئے اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 1967 میں اردن کے خلاف چھ روزہ جنگ کے دوران مغربی کنارے پر قبضہ کر لیا تھا، اس کے بعد سے اس پورے علاقے میں اسرائیل نے آبادکاری کا سلسلہ جاری ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے۔ ان اسرائیلی بستیوں میں تقریبا چار لاکھ پچہتر ہزار اسرائیلی آباد ہیں۔