تل ابیب: اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا نیتن یاہو اسرائیل کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ااسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لیپڈ نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی پالیسیاں ملک اور فوج دونوں کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے موجودہ جنگی صورتحال اور حکومتی فیصلوں کو اسرائیل کی بقا کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا نیتن یاہو کی ناقص قیادت کی وجہ سے اسرائیلی فوج کی لڑنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جس سے دفاعی ادارے کا ڈھانچہ کمزور ہو رہا ہے۔
تنقید کے دوران یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ اسرائیلی فوجیوں کو بغیر کسی واضح فوجی حکمتِ عملی یا مستقبل کے منصوبے کے خطرناک جنگوں میں بھیجا جا رہا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ "نیتن یاہو اسرائیل کو ایک ایسی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی، فوجیوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے اور ملک کو غیر محفوظ بنایا جا رہا ہے۔”
یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل کے اندر نیتن یاہو حکومت کے خلاف عوامی احتجاج اور سیاسی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے فوج کی کمزوری کا تذکرہ نیتن یاہو کے لیے آنے والے دنوں میں مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


