اسرائیلی فورسز کے غزہ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بمباری سے مزید 19 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ میں ایک شخص بھوک سے دم توڑ گیا۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز کی بمباری میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے
اسرائیلی فورسز نے نہتے شہریوں کو خیموں، پناہ گزین کیمپوں اور اسکولز میں نشانہ بنایا، جب کہ امداد کے متلاشی 2 افراد کو بھی شہید کیا گیا۔
طبی سامان کم ہونے پر علاج معالجے کا کام متاثر ہورہا ہے، ڈاکٹرز کو مشکلات درپیش ہیں غزہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایک شخص بھوک سے دم توڑ گیا، جس کے بعد جنگ کے دوران غذائی قلت سے شہید ہونے والوں کی کل تعداد 460 ہو گئی ہے، جن میں 154 بچے شامل ہیں۔
غزہ کے مشرقی حصوں میں اسرائیلی بمباری میں شدت آگئی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہی کا شکار ہوگئیں۔
البرِیج محلہ اور دیگر علاقے انتہائی خطرناک قرار دے دیے گئے، درجنوں فلسطینی مغربی حصوں کی جانب نقل مکانی پر مجبور ہیں۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم کے مشرق میں بیت ساحور کے قریب اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 2 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
دریں اثنا، اسرائیلی فورسز کی مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جس میں 13 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : اسرائیلی فوج نےغزہ شہر کو جنگی علاقہ قرار دے کر بمباری تیز کردی
فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے بچے سمیت 7 فلسطینیوں کو الخلیل کے علاقے سے گرفتار کیا، 3 افراد کو مغربی سلفیت، شمال مغربی رام اللہ سے بچے سمیت 2 افراد جب کہ بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے ایک شہری کو گرفتار کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


