تہران : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبرِ معظم مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطہ کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں رہبرِ معظم مجتبیٰ خامنہ ای سے رابطہ کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے، حالانکہ حکومتی امور چلانے کے لیے ان سے رابطہ ضروری ہوتا ہے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ رہبرِ معظم صرف ماہرین کی آراء سنتے ہیں اور انہی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، نئے سپریم لیڈر نے ایران کو متحد اور مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتا کہ کوئی بھی قابل شخص ایران میں قائدانہ کردار ادا کرے۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا کا خیال تھا کہ جنگ اور پابندیوں کے ذریعے شام کی طرح ایران میں بھی حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا، تاہم وہ اپنے اس مقصد میں ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ایران میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم عوام کے اتحاد نے ملک کو مضبوط رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انصاف کی بنیاد پر سب کے ساتھ یکساں سلوک کرے۔


