اسلام آباد: اٹلی کی حکومت نے پاکستانیوں کو 10 ہزار 500 ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کا بڑا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کی حکومت نے لیبر موبلٹی معاہدے کے تحت اگلے تین سالوں کے دوران 10 ہزار 500 پاکستانی ورکرز کو روزگار کے قانونی مواقع فراہم کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان اسلام آباد میں اطالوی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام ‘اٹلی ڈے’ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلیئن نے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اطالوی سفیر نے پاکستان کے ساتھ لیبر موبلٹی، تعلیم، سفارت کاری اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس لیبر فریم ورک کے ذریعے ہزاروں پاکستانی اٹلی میں روزگار حاصل کر سکیں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوامی تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
اس کے علاوہ انہوں نے تعلیمی سال 26-2025 کے لیے پاکستانی طلبہ کے لیے 3 ہزار 200 اسکالرشپس کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت پاکستانی طلبہ اطالوی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
سفیر ماریلینا ارمیلیئن کا کہنا تھا کہ اٹلی میں یورپی یونین کے اندر سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی مقیم ہے، اسی لیے ویزا اور قونصلر خدمات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی اس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی علی پرویز ملک نے دونوں ممالک کے 78 سالہ سفارتی تعلقات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے اطالوی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں گی۔


